میں اس شخص پر تعجب کرتا ہوں جو جنگل و صحرا اور بیابانوں کو طے کرتا ہوا خدا کے گھر اور حرم تک تو پہنچتا ہے کیونکہ اس میں اس کے نبیوں کے آثار ہیں -
لیکن وہ اپنے نفس کے جنگل اور اپنی خواہشات کی وادیوں کو طے کر کے اپنے دل تک پہنچنے کی کوشش کیوں نہیں کرتا کیونکہ دل میں تو اس کے مولیٰ کے آثار ہیں
کشف المحجوب - داتا گنج بخش حضرت علی ہجویری رحمتہ الله علیہ
حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی فرماتے ہیں کہ
اللہ
تعالیٰ کا ارشاد ہے : ’’میری سنت میں تبدیلی ہوتی ہے اور نہ تعطل واقع ہوتا ہے۔‘‘
اپنی
مشیئت کے تحت اللہ تعالیٰ نے اچھائی، برائی کا تصور قائم کرنے اور نیکی اور بدی
میں امتیاز کرنے کے لئے پیغمبروں کے ذریعے احکامات صادر فرمائے۔ سب پیغمبروں نے
اللہ تعالیٰ کے احکامات کی پیروی کر کے نوع انسانی کو بتایا ہے کہ اللہ کے حکم کی
تعمیل ہی نجات کا راستہ ہے۔ چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم آخری نبی ہیں۔
اور دین کی تکمیل ہو چکی ہے۔ اس لئے اللہ کی سنت جاری رکھنے کے لئے رسول اللہ صلی
اللہ علیہ وسلم کے ورثاء اولیاء اللہ کی جماعت نے اس بات کا اہتمام کیا کہ اللہ
اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات اور احکامات کا تسلسل قائم رہے۔ ہر
زمانے میں اولیاء اللہ خواتین و حضرات نے اس فرض کو پورا کیا اور قیامت تک یہ
سلسلہ قائم رہے گا۔
ہندو
پاکستان، برما، ملائیشیا، انڈونیشیا، افریقہ، ایران، عراق، عرب، چین اور ہر ملک
میں اولیاء اللہ نے تبلیغ کی، اللہ کی مخلوق کی خدمت کی، زمانے کے تقاضوں کے مطابق
توحید کی دعوت دی۔
تاریخ
کے اوراق گواہ ہیں، اگر شیخ محی الدین عبدالقادر جیلانیؒ ، خواجہ حسن بصریؒ ، حضرت
داتا گنج بخشؒ ، شیخ معین الدین چشتی اجمیریؒ ، حضرت بہاؤ الدین زکریاؒ ، بہاؤالحق
نقشبندؒ ، لعل شہباز قلندرؒ ، شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ ، قلندر بابا اولیاءؒ اور
دوسرے مقتدر اہل باطن صوفیاء اسلام کی آبیاری نہ کرتے تو آج دنیا میں مسلمان اتنی
بڑی تعداد میں نہ ہوتے۔ صوفیاء کرام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی نیابت و
وراثت کا حق پورا کرنے کے لئے اپنا تن، من، دھن سب قربان کر دیا۔ اللہ تعالیٰ نے
ان کی خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمایا اور انہیں کامران و کامیاب کیا۔
------------------
داتا گنج بخش ؒ
تحریر : عبدالرزاق
حضرت داتا گنج بخش رحمہ اللہ تعالیٰ ان قافلہ سالارانِ عشق میں سے ہیں جنہوں نے اس سر زمین میں اللہ تعالیٰ اور اللہ تعالیٰ کے رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا بیج بویا اور محبت کے ذریعہ سے یہاں اسلام روشناس کرایا۔ یہ بھی فاتحین تھے، لوگوں کے نگاہ سے زخمی کرتے اور اعلیٰ اخلاق سے جکڑ لیتے۔ ان کے قلوب عشقِ الہی سے زندہ تھے، اس لئے موت ان کا کچھ نہ بگاڑ سکی، آج بھی ان کا فیض عام ہے۔ خواص عوام دونوں یہاں سے فیض پاتے ہیں۔خواجہ معین الدین چشتی رحمہ اللہ تعالیٰ نے یہاں چلہ کاٹا، بابا فرید گنجِ شکر رحمہ اللہ تعالیٰ نے یہاں سے فیض پایا۔ حضرت بو علی قلندرپانی پتی رحمہ اللہ تعالیٰ یہاں معتکف رہے۔میاں شیر محمد شرقپوری رحمہ اللہ تعالیٰ یہاں باقاعدہ حاضری دیتے رہے ۔
بزرگوں کی توجہ سے قلوب میں اللہ تعالیٰ اور اللہ تعالیٰ کے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کے جذبات پیدا ہوتے ہیں ، طبیعت نیکی کی طرف راغب ہوتی ہے۔اس کی مثال یوں سمجھئے جیسے جمنیزیم میں رسہ پکڑکر اوپر چڑھنے والے کو نیچے سے سہارا مل جائے ۔حضرت پیرپیران رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ لکھتے ہیں:’’ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے حکم ہوتا ہے فلاں کی طرف توجہ رکھو،ہم اسے توجہ دیتے ہیں حکم ہوتا ہے فلاں سے توجہ ہٹالو، ہم ہٹالیتے ہیں۔یہ سارا نظامِ کائنات اللہ تعالیٰ کی توجہ ہی سے چل رہا ہے ۔اللہ تعالیٰ کی وجہ کے تحت ہی بزرگوں کی توجہ بھی کام کرتی ہے ۔
نہ بادہ ہے،نہ صراحی، نہ دور پیمانہ
فقط نگاہ سے رنگین ہے بزمِ جانانہ
لاہور کی فضاان بزگوں کی روحانیت کی خوشبوسے ہی مہک رہی ہے جیسے موسم بہار میں باغ کی فضامیں خوشبوبسی ہوتی ہے ۔اسی وجہ سے لاہور لاہور ہے، اور جو یہاں آجائے، وہ یہیں کاہورہتا ہے۔میرے ایک مرحوم دوست حج کر کے آئے، حضرت صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ کے مزار پر حاضری کے لئے گئے، توکہنے لگے :ان گلیوں سے تو مدینہ منورہ کی گلیوں کی خوشبو آتی ہے۔
اللہ تعالیٰ کے بندوں میں اللہ تعالیٰ ہی کی صفات کا پرتوہے، البتہ اللہ تعالیٰ کی صفات ان کی اپنی اور لامحدودہیں۔اور بندوں کی صفات اللہ تعالیٰ کی عطاکردہ اور محدود ہیں۔اللہ تعالیٰ سخی ہیں،ان کے بندوں میں سخاوت کا وصف پایا جاتا ہے ۔داتا سخی کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔قطب الدین ایبک کو لکھ داتا کہتے تھے۔داتا گنج بخش کے معنی ایسا سخی ہے جو خزانے لٹادیتا ہے ۔اس میں شرک کی کوئی بات نہیں۔سورہ البقرہ کے آخر میں اللہ تعالیٰ کے لئے الفاظ ’’اَنْتَ مَوْلَاناَ‘‘ آئے ہیں ، آج کل کے سارے علماء مولانا کہلاتے ہیں۔
کئی برس ہوئے ایک ’’مولانا‘‘نے یہ ہوائی چھوڑی تھی کہ سیدعلی ہجویری رحمۃ اللہ تعالیٰ یہاں مدفون نہیں،بلکہ قلعہ لاہور کے اندر مدفون ہیں۔بعد میں انھوں نے اپنی بات سے رجوع کر لیاتھا۔آج کل پھر کسی نے اس قسم کا مضمون لکھا ہے۔اللہ تعالیٰ کے بیسیوں ایسے بندے ہیں جنہیں کشف القبور حاصل ہے، وہ جانتے ہیں،بلکہ دیکھتے ہیں کہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی آخری آرام گاہ یہی ہے۔قلعہ کی زمین دوزقبر والے بزرگ اور ہیں ‘اگرچہ ان کا نام بھی سیدعلی ہے۔
داتا سرکار کا اسم مبارک
آپ سر کار کا نام نامی علی ہے۔آپ کی کنیت ابوالحسن ہے ۔آپ نجیب الطرفین یعنی حسنی حسینی سید ہیں۔ آپ کے والد کا نام سید عثمان ہے۔ لہذا آپ کا مکمل نام سید ابولحسن علی بن عثمان ہے۔ روایت مشہور ہے کہ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ نے آپ کے مزار شریف پر حاضری دی اور چلہ کاٹا اور بعد میں یہ فرمایا۔
گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا
نا قصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما
لہٰذا عرف عام میں آپ سرکار کو داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ اور داتا صاحب کے القابات سے یاد کیا جاتا ہے۔
آپ کا دور
اسلامی ہجری قمری اعتبار سے یہ پانچویں صدی ہے۔ اکثر تذکرہ نگار اس پر متفق ہیں کہ آپ رحمۃ اللہ علیہ400ہجری کو پیدا ہوئے۔ اور آپ رحمۃ اللہ علیہ 465ہجری میں اللہ کو پیارے ہو گئے۔ عیسوی شمسی اعتبار سے یہ گیارھویں صدی تھی۔ اور یہ دورانیہ تقریباً 1010 ء سے لے کر 1072 ء تک ہے۔
ہجویری اور جلابی
داتا حضوررحمۃ اللہ علیہ کوہجویری بھی کہا جاتا ہے۔ عرب ممالک میں آپ کو ’’الہجویری‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ ہجویر اور جلاب، غزنی شہر کے دوعلاقے یا محلے ہیں۔ جو افغانستان میں واقع ہیں۔ آپ جلاب میں پیدا ہوئے اور ہجویرمیں بھی آپ کا قیام رہا اس لئے آپ کو ’’الجلابی‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ آپ کے والد محترم سید عثمان رحمۃ اللہ علیہ جلاب کے رہنے والے تھے اور والدہ ماجدہ ہجویر کی رہنے والی تھیں۔والد محترم کی وفات کے بعد آپ ہجویر منتقل ہو گئے تھے۔
محکمہ اوقاف کی جانب سے نسیم عباسی صاحب کی تحقیقی تحریر 2011ء میں شائع ہوئی اس کے مطابق آپ علیہ الرحمہ کا سلسلہ نسب اور سلسلہ طریقت کچھ اس طرح سے ہے۔
سلسلہ نسب
آپ حسنی سید ہیں۔آپ کا سلسلہ نسب آٹھ واسطوں سے حضرت علی کرم اللہ وجہہ تک پہنچتا ہے اس کی تفصیل یہ ہے: حضرت سید علی رحمۃ اللہ علیہ بن عثمان رحمۃ اللہ علیہ، بن علی رحمۃ اللہ علیہ بن عبدالرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ بن شاہ شجاع رحمۃ اللہ علیہ بن ابو الحسن علی رحمۃ اللہ علیہ بن حسین اصغر رحمۃ اللہ علیہ بن سید زیدشہید رحمۃ اللہ علیہ بن حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ بن علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ۔
پیر غلام دستگیر نامی کے نزدیک جو دورِ حاضر کے بڑے ماہر انساب مانے جاتے ہیں، پانچویں بزرگ کا نام عبداللہ ’’ شجاع شاہ ‘‘ ہے اور آٹھویں بزرگ سید زید کے ساتھ جو لفظ ’’ شہید‘‘ لکھا ہے، وہ درست نہیں ہے کیونکہ سید زید شہید امام زین العابدین رضی اللہ عنہ بن امام حسین رضی اللہ عنہ کے فرزند تھے نہ کہ امام حسن رضی اللہ عنہ کے۔
سلسلہ طریقت
آپ کے مرشد حضرت ابو الفضل محمد بن حسن ختلی رحمۃ اللہ علہ ہیں۔ ان کا سلسلہ طریقت نو واسطوں سے حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے جا ملتا ہے۔ اس کی تفصیل یہ ہے:
حضرت سید علی ہجویریرحمۃ اللہ علیہ، حضرت ابو الفضل ختلی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ ابو الحسن حصری رحمۃ اللہ علیہ،شیخ ابوبکر شبلی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ سری سقطی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ معروف کرخی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ داؤد طائی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ حبیب عجمی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ، حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ۔
پیر و مرشد
داتا سرکار حضرت سید علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے پیر و مرشِدکا نام حضرت ابوالفضل محمد بن الحسن ختلی رحمۃ اللہ علیہ ہے۔ جوکہ حضور سید الطائفہ حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللہ کے مسلک طریقت پر قائم تھے۔ داتا حضور رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے پیر و مرشد علیہ الرحمہ کا تذکرہ اپنی کتاب میں ان الفاظ میں فرمایاہے۔
حضرت ابوالفضل محمد بن حسن ختلی رحمتہ اللہ علیہ
آئمہ طریقت میں سے زین اوتاد شیخ عباد حضرت ابو الفضل محمد بن حسن ختلی رحمتہ اللہ علیہ ہیں طریقت میں پیروی انہیں سے ہے۔وہ علم تفسیر وروایات کے عالم اور تصوف میں حضرت جنید رحمتہ اللہ علیہ کے مذ ہب پر تھے حضرت خضری کے مر ید حضرت سردانی کے مصاحب تھے، حضرت ابو عمر فزونی، حضرت ابو احسن بن سالبہ رحیم اللہ علیہم کے ہم زمانہ تھے۔ آٹھ سال صادق گوشہ نشینی اختیار کرکے پہاڑوں کے غاروں میں رہے اور اپنا نام لوگوں کے درمیان گم رکھا۔ اکثر لگام نامی پہاڑ پر رہتے۔ عمدہ زندگی گزاری ان کی نشانیاں اور براہین بکثرت ہیں لیکن وہ عام صوفیوں کے رسم لباس کے پابند نہ تھے۔ اور اہل رسوم سے سخت بیزار تھے۔ میں نے اس سے بڑھ کر رعب و دبدبہ والا کبھی کوئی مرد خدا نہ دیکھا۔ ان کا ارشاد ہے
الدنیا یوم ولنا فیھا صوم
ترجمہ: دنیا ایک دن کی طرح ہے اور ہم اس میں روزہ دار ہیں۔
مطلب یہ کہ ہم نے دنیا سے کچھ حاصل نہیں کیا اور نہ اس کی بندش میں آتے ہیں کیونکہ ہم نے دنیا کی آفتوں کو دیکھ لیا ہے اور اس کے حجابات سے باخبر ہوگئے ہیں ہم اس سے بھاگتے ہیں۔
حکایت: ایک مرتبہ میں ان کے ہاتھوں پر پانی ڈال رہا تھا کیونکہ وہ وضو فرما رہے تھے میرے دل میں خیال گزرا کہ جبکہ تمام کام تقدیر و قسمت سے ہیں تو آزاد لوگ کیوں کرامت کی خواہش میں پیروی کے غلام بنتے ہیں۔ آپ نے فرمایا اے فرزند من! جو خیالات تمہارے دل میں گزر رہے ہیں میں نے ان کو جان لیا ہے تو تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہر حکم کے لیے کوئی سبب ہوتا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کسی سپاہی بچہ کو تاج و حکومت عطا فرماتا ہے تو وہ اسے توبہ کی توفیق دے کر اپنے کسی دوست ومحبوب کی خدمت میں مشغول فرماتا ہے تاکہ یہ خدمت اس کی درامت کا موجب بن جائے۔
اس قسم کے لطیفے بکثرت مجھ پر ہر روز ان سے ظہور پذیر ہوتے تھے۔ جس دن کہ ان کا نتقال ہوا بیت الجن میں تھے یہ بانیاں رود اور دمشق کے مابین گھاٹی کے کنارے ایک گاؤں ہے ان کا سر مبارک میری گود میں تھا۔ اس وقت میرے دل میں اپنے کسی دوست کی طرف سے کچھ رنج تھا جیسا کہ آدمیوں کی عادت ہے۔ انہوں نے مجھ سے فرمایا اے فرزند! دل کو مضبوط کرنے والا ایک مسئلہ بتاتا ہوں اگر خود کو اس پر درست کرلو تو تمام رنج و فکر سے محفوظ ہو جاؤ گے فرمایا ہر محل اور ہر حالت خواہ نیک ہو یا بد اسے اللہ تعالیٰ نے ہی پیدا فرمایا ہے لہٰذا اس کے کسی فعل پر جھگڑنا نہیں چاہیے اور دل کو رنجیدہ نہ کرنا چاہیے اس کے سواء کوئی وصیت نہ فرمائی اور جان دے دی واللہ اعلم بالصواب۔
کشف المحجوب، اردو ترجمہ(جو ترجمہ حضرت مفتی سید غلام معین الدین نعیمی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ) ،مطبوعہ لاہور،صفحہ نمبر 241 ،242
آپ کی تصانیف
آپ رحمۃ اللہ علیہ نے کئی ایک کتب تصنیف فرمائیں جن میں شاعری کا ایک دیوان بھی تھا لیکن دیگر لوگوں نے آپ کی ان علمی خدمات کو اپنے نام سے شائع کردیا۔ ان کتابوں کا ذکر آپ رحمۃ اللہ علیہ نے کشف المحجوب میں کیا ہے۔ ایک چھوٹا رسالہ کشف الاسرار جو آپ رحمۃ اللہ علیہ کے بقول کشف المحجوبکی تلخیص ہے وہ رسالہ اور کشف المحجوب ابھی تک دستیاب ہیں۔ آپ کی چندتصانیف کے نام یہ ہیں۔
1. کشف المحجوب
2. کشف الاسرار
3. منہاج الدین
4. الرعایۃ الحقوق اللہ تعالیٰ
5. کتاب فناء وبقاء
6. اسرار الحزق المؤنات
7. بحر القلوب
8. کتاب البیان لاہل العیان
غریب نوازؒ نے آپ سے متاثر ہو کر ایک شعر کہا
گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا
ناقصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما
گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا
ناقصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما
میری تحقیق کو چوری کرکے لگا دیا اور میرا نام بھی نہیں لکھا۔ اللہ ہدایت عطا فرمائے۔
ReplyDeleteالسلام علیکم
Deleteبھائی جہاں سے یہ تحریر لی گئی تھی وہاں مولف کا نام درج نہ تھا۔ اس لئے کسی سے بھی تحریر کو منسوب نہیں کیا گیا۔
آپ نے توجہ دلائی ہے تو آپ کا نام تحریر کر دیا گیا ہے۔
اللہ آپ کی کاوش کو قبول فرمائے۔