Showing posts with label Khawaja Shamsuddin Azeemi. Show all posts
Showing posts with label Khawaja Shamsuddin Azeemi. Show all posts

May 6, 2015

انفرادی سوچ اللہ سے دُوری ہے



محدود دائرے میں رہنے والا آدمی اللہ کا دوست نہیں ہو سکتا اس لئے کہ اللہ تو لامحدود ہے بلکہ لامتناہیت ہے۔ انفرادی سوچ سے نکلنے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آدمی خوشی اور غم دونوں سے بے نیاز ہو جاتا ہے اور اس کے اوپر ایک ایسی کیفیت طاری ہو جاتی ہے جس کو آپ سرور کہتے ہیں۔ اس کا نام خوشی نہیں رکھ سکتے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی

Apr 9, 2015

توکل اور ہماری زندگی

جب ہم توکل اور بھروسہ کی تعریف کرتے ہیں تو ہمیں بجز اس کے کچھ نظر نہیں آتا کہ ہماری دوسری عبادات کی طرح بھروسہ اور توکل بھی دراصل لفظوں کا ایک خوش نُما جال ہے۔ توکل اور بھروسہ سے مراد یہ ہے کہ بندہ اپنے تمام معاملات اللہ تعالیٰ کے سپُرد کر دے لیکن جب ہم فی العمل زندگی کے حالات کا مشاہدہ کرتے ہیں تو یہ بات محض نعرہ اور غیر یقینی لگتی ہے اور یہ ایسی بات ہے کہ ہر آدمی کی زندگی میں اس کا عمل دخل جاری و ساری ہے۔

خواجہ شمس الدین عظیمی

Apr 3, 2015

ادراکِ انتقال

یہ بات بہت مضحکہ خیز ہے کہ ہم انتقال کر کے امریکہ جانے سے تو خوش ہوتے ہیں مگر مالک حقیقی ، اپنے محبوب اللہ کے پاس جانے سے خوف زدہ رہتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمیں عالم ناسوت اور ناسوت کے بعد کے عالم کا صحیح ادراک نہیں ہے۔ اس دنیا کی طرح مرنے کے بعد کے عالم میں کھانا پینا، سونا جاگنا، رہائش کے لئے گھر اور عمدہ آرام دہ کمرے ہوتے ہیں۔ وہاں سوشل سیکیورٹی کا پورا نظام ہے اس دُنیا میں کسی پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ ہر شخص آزاد ہے۔ عالم اعراف کا قانون غیر فطری پابندیوں سے آزاد قانون ہے ۔
الشیخ خواجہ شمس الدین عظیمی


Dec 12, 2014

عُرس مبارک داتا گنج بخش علی ہجویریؒ




میں اس شخص پر تعجب کرتا ہوں جو جنگل و صحرا اور بیابانوں کو طے کرتا ہوا خدا کے گھر اور حرم تک تو پہنچتا ہے کیونکہ اس میں اس کے نبیوں کے آثار ہیں -
لیکن وہ اپنے نفس کے جنگل اور اپنی خواہشات کی وادیوں کو طے کر کے اپنے دل تک پہنچنے کی کوشش کیوں نہیں کرتا کیونکہ دل میں تو اس کے مولیٰ کے آثار ہیں
کشف المحجوب - داتا گنج بخش حضرت علی ہجویری رحمتہ الله علیہ

حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی فرماتے ہیں کہ 
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ’’میری سنت میں تبدیلی ہوتی ہے اور نہ تعطل واقع ہوتا ہے۔‘‘
اپنی مشیئت کے تحت اللہ تعالیٰ نے اچھائی، برائی کا تصور قائم کرنے اور نیکی اور بدی میں امتیاز کرنے کے لئے پیغمبروں کے ذریعے احکامات صادر فرمائے۔ سب پیغمبروں نے اللہ تعالیٰ کے احکامات کی پیروی کر کے نوع انسانی کو بتایا ہے کہ اللہ کے حکم کی تعمیل ہی نجات کا راستہ ہے۔ چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم آخری نبی ہیں۔ اور دین کی تکمیل ہو چکی ہے۔ اس لئے اللہ کی سنت جاری رکھنے کے لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ورثاء اولیاء اللہ کی جماعت نے اس بات کا اہتمام کیا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات اور احکامات کا تسلسل قائم رہے۔ ہر زمانے میں اولیاء اللہ خواتین و حضرات نے اس فرض کو پورا کیا اور قیامت تک یہ سلسلہ قائم رہے گا۔
ہندو پاکستان، برما، ملائیشیا، انڈونیشیا، افریقہ، ایران، عراق، عرب، چین اور ہر ملک میں اولیاء اللہ نے تبلیغ کی، اللہ کی مخلوق کی خدمت کی، زمانے کے تقاضوں کے مطابق توحید کی دعوت دی۔
تاریخ کے اوراق گواہ ہیں، اگر شیخ محی الدین عبدالقادر جیلانیؒ ، خواجہ حسن بصریؒ ، حضرت داتا گنج بخشؒ ، شیخ معین الدین چشتی اجمیریؒ ، حضرت بہاؤ الدین زکریاؒ ، بہاؤالحق نقشبندؒ ، لعل شہباز قلندرؒ ، شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ ، قلندر بابا اولیاءؒ اور دوسرے مقتدر اہل باطن صوفیاء اسلام کی آبیاری نہ کرتے تو آج دنیا میں مسلمان اتنی بڑی تعداد میں نہ ہوتے۔ صوفیاء کرام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی نیابت و وراثت کا حق پورا کرنے کے لئے اپنا تن، من، دھن سب قربان کر دیا۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمایا اور انہیں کامران و کامیاب کیا۔

------------------

داتا گنج بخش ؒ
تحریر :  عبدالرزاق

حضرت داتا گنج بخش رحمہ اللہ تعالیٰ ان قافلہ سالارانِ عشق میں سے ہیں جنہوں نے اس سر زمین میں اللہ تعالیٰ اور اللہ تعالیٰ کے رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا بیج بویا اور محبت کے ذریعہ سے یہاں اسلام روشناس کرایا۔ یہ بھی فاتحین تھے، لوگوں کے نگاہ سے زخمی کرتے اور اعلیٰ اخلاق سے جکڑ لیتے۔ ان کے قلوب عشقِ الہی سے زندہ تھے، اس لئے موت ان کا کچھ نہ بگاڑ سکی، آج بھی ان کا فیض عام ہے۔ خواص عوام دونوں یہاں سے فیض پاتے ہیں۔خواجہ معین الدین چشتی رحمہ اللہ تعالیٰ نے یہاں چلہ کاٹا، بابا فرید گنجِ شکر رحمہ اللہ تعالیٰ نے یہاں سے فیض پایا۔ حضرت بو علی قلندرپانی پتی رحمہ اللہ تعالیٰ یہاں معتکف رہے۔میاں شیر محمد شرقپوری رحمہ اللہ تعالیٰ یہاں باقاعدہ حاضری دیتے رہے ۔​
بزرگوں کی توجہ سے قلوب میں اللہ تعالیٰ اور اللہ تعالیٰ کے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کے جذبات پیدا ہوتے ہیں ، طبیعت نیکی کی طرف راغب ہوتی ہے۔اس کی مثال یوں سمجھئے جیسے جمنیزیم میں رسہ پکڑکر اوپر چڑھنے والے کو نیچے سے سہارا مل جائے ۔حضرت پیرپیران رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ لکھتے ہیں:’’ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے حکم ہوتا ہے فلاں کی طرف توجہ رکھو،ہم اسے توجہ دیتے ہیں حکم ہوتا ہے فلاں سے توجہ ہٹالو، ہم ہٹالیتے ہیں۔یہ سارا نظامِ کائنات اللہ تعالیٰ کی توجہ ہی سے چل رہا ہے ۔اللہ تعالیٰ کی وجہ کے تحت ہی بزرگوں کی توجہ بھی کام کرتی ہے ۔​
؂ نہ بادہ ہے،نہ صراحی، نہ دور پیمانہ​
فقط نگاہ سے رنگین ہے بزمِ جانانہ​
لاہور کی فضاان بزگوں کی روحانیت کی خوشبوسے ہی مہک رہی ہے جیسے موسم بہار میں باغ کی فضامیں خوشبوبسی ہوتی ہے ۔اسی وجہ سے لاہور لاہور ہے، اور جو یہاں آجائے، وہ یہیں کاہورہتا ہے۔میرے ایک مرحوم دوست حج کر کے آئے، حضرت صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ کے مزار پر حاضری کے لئے گئے، توکہنے لگے :ان گلیوں سے تو مدینہ منورہ کی گلیوں کی خوشبو آتی ہے۔​
اللہ تعالیٰ کے بندوں میں اللہ تعالیٰ ہی کی صفات کا پرتوہے، البتہ اللہ تعالیٰ کی صفات ان کی اپنی اور لامحدودہیں۔اور بندوں کی صفات اللہ تعالیٰ کی عطاکردہ اور محدود ہیں۔اللہ تعالیٰ سخی ہیں،ان کے بندوں میں سخاوت کا وصف پایا جاتا ہے ۔داتا سخی کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔قطب الدین ایبک کو لکھ داتا کہتے تھے۔داتا گنج بخش کے معنی ایسا سخی ہے جو خزانے لٹادیتا ہے ۔اس میں شرک کی کوئی بات نہیں۔سورہ البقرہ کے آخر میں اللہ تعالیٰ کے لئے الفاظ ’’اَنْتَ مَوْلَاناَ‘‘ آئے ہیں ، آج کل کے سارے علماء مولانا کہلاتے ہیں۔​
کئی برس ہوئے ایک ’’مولانا‘‘نے یہ ہوائی چھوڑی تھی کہ سیدعلی ہجویری رحمۃ اللہ تعالیٰ یہاں مدفون نہیں،بلکہ قلعہ لاہور کے اندر مدفون ہیں۔بعد میں انھوں نے اپنی بات سے رجوع کر لیاتھا۔آج کل پھر کسی نے اس قسم کا مضمون لکھا ہے۔اللہ تعالیٰ کے بیسیوں ایسے بندے ہیں جنہیں کشف القبور حاصل ہے، وہ جانتے ہیں،بلکہ دیکھتے ہیں کہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی آخری آرام گاہ یہی ہے۔قلعہ کی زمین دوزقبر والے بزرگ اور ہیں ‘اگرچہ ان کا نام بھی سیدعلی ہے۔​
داتا سرکار کا اسم مبارک​
آپ سر کار کا نام نامی علی ہے۔آپ کی کنیت ابوالحسن ہے ۔آپ نجیب الطرفین یعنی حسنی حسینی سید ہیں۔ آپ کے والد کا نام سید عثمان ہے۔ لہذا آپ کا مکمل نام سید ابولحسن علی بن عثمان ہے۔ روایت مشہور ہے کہ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ نے آپ کے مزار شریف پر حاضری دی اور چلہ کاٹا اور بعد میں یہ فرمایا۔​
؂ گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا​
نا قصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما​
لہٰذا عرف عام میں آپ سرکار کو داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ اور داتا صاحب کے القابات سے یاد کیا جاتا ہے۔​
آپ کا دور​
اسلامی ہجری قمری اعتبار سے یہ پانچویں صدی ہے۔ اکثر تذکرہ نگار اس پر متفق ہیں کہ آپ رحمۃ اللہ علیہ400ہجری کو پیدا ہوئے۔ اور آپ رحمۃ اللہ علیہ 465ہجری میں اللہ کو پیارے ہو گئے۔ عیسوی شمسی اعتبار سے یہ گیارھویں صدی تھی۔ اور یہ دورانیہ تقریباً 1010 ؁ء سے لے کر 1072 ؁ء تک ہے۔​
ہجویری اور جلابی ​
داتا حضوررحمۃ اللہ علیہ کوہجویری بھی کہا جاتا ہے۔ عرب ممالک میں آپ کو ’’الہجویری‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ ہجویر اور جلاب، غزنی شہر کے دوعلاقے یا محلے ہیں۔ جو افغانستان میں واقع ہیں۔ آپ جلاب میں پیدا ہوئے اور ہجویرمیں بھی آپ کا قیام رہا اس لئے آپ کو ’’الجلابی‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ آپ کے والد محترم سید عثمان رحمۃ اللہ علیہ جلاب کے رہنے والے تھے اور والدہ ماجدہ ہجویر کی رہنے والی تھیں۔والد محترم کی وفات کے بعد آپ ہجویر منتقل ہو گئے تھے۔​
محکمہ اوقاف کی جانب سے نسیم عباسی صاحب کی تحقیقی تحریر 2011ء میں شائع ہوئی اس کے مطابق آپ علیہ الرحمہ کا سلسلہ نسب اور سلسلہ طریقت کچھ اس طرح سے ہے۔​
سلسلہ نسب​
آپ حسنی سید ہیں۔آپ کا سلسلہ نسب آٹھ واسطوں سے حضرت علی کرم اللہ وجہہ تک پہنچتا ہے اس کی تفصیل یہ ہے: حضرت سید علی رحمۃ اللہ علیہ بن عثمان رحمۃ اللہ علیہ، بن علی رحمۃ اللہ علیہ بن عبدالرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ بن شاہ شجاع رحمۃ اللہ علیہ بن ابو الحسن علی رحمۃ اللہ علیہ بن حسین اصغر رحمۃ اللہ علیہ بن سید زیدشہید رحمۃ اللہ علیہ بن حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ بن علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ۔​
پیر غلام دستگیر نامی کے نزدیک جو دورِ حاضر کے بڑے ماہر انساب مانے جاتے ہیں، پانچویں بزرگ کا نام عبداللہ ’’ شجاع شاہ ‘‘ ہے اور آٹھویں بزرگ سید زید کے ساتھ جو لفظ ’’ شہید‘‘ لکھا ہے، وہ درست نہیں ہے کیونکہ سید زید شہید امام زین العابدین رضی اللہ عنہ بن امام حسین رضی اللہ عنہ کے فرزند تھے نہ کہ امام حسن رضی اللہ عنہ کے۔​
سلسلہ طریقت​
آپ کے مرشد حضرت ابو الفضل محمد بن حسن ختلی رحمۃ اللہ علہ ہیں۔ ان کا سلسلہ طریقت نو واسطوں سے حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے جا ملتا ہے۔ اس کی تفصیل یہ ہے: 
حضرت سید ​علی ہجویری​رحمۃ اللہ علیہ، حضرت ابو الفضل ختلی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ ابو الحسن حصری رحمۃ اللہ علیہ،شیخ ابوبکر شبلی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ سری سقطی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ معروف کرخی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ داؤد طائی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ حبیب عجمی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ، حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ۔​
پیر و مرشد​
داتا سرکار حضرت سید علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے پیر و مرشِدکا نام حضرت ابوالفضل محمد بن الحسن ختلی رحمۃ اللہ علیہ ہے۔ جوکہ حضور سید الطائفہ حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللہ کے مسلک طریقت پر قائم تھے۔ داتا حضور رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے پیر و مرشد علیہ الرحمہ کا تذکرہ اپنی کتاب میں ان الفاظ میں فرمایاہے۔​
حضرت ابوالفضل محمد بن حسن ختلی رحمتہ اللہ علیہ​
آئمہ طریقت میں سے زین اوتاد شیخ عباد حضرت ابو الفضل محمد بن حسن ختلی رحمتہ اللہ علیہ ہیں طریقت میں پیروی انہیں سے ہے۔وہ علم تفسیر وروایات کے عالم اور تصوف میں حضرت جنید رحمتہ اللہ علیہ کے مذ ہب پر تھے حضرت خضری کے مر ید حضرت سردانی کے مصاحب تھے، حضرت ابو عمر فزونی، حضرت ابو احسن بن سالبہ رحیم اللہ علیہم کے ہم زمانہ تھے۔ آٹھ سال صادق گوشہ نشینی اختیار کرکے پہاڑوں کے غاروں میں رہے اور اپنا نام لوگوں کے درمیان گم رکھا۔ اکثر لگام نامی پہاڑ پر رہتے۔ عمدہ زندگی گزاری ان کی نشانیاں اور براہین بکثرت ہیں لیکن وہ عام صوفیوں کے رسم لباس کے پابند نہ تھے۔ اور اہل رسوم سے سخت بیزار تھے۔ میں نے اس سے بڑھ کر رعب و دبدبہ والا کبھی کوئی مرد خدا نہ دیکھا۔ ان کا ارشاد ہے​
الدنیا یوم ولنا فیھا صوم​
ترجمہ: دنیا ایک دن کی طرح ہے اور ہم اس میں روزہ دار ہیں۔​
مطلب یہ کہ ہم نے دنیا سے کچھ حاصل نہیں کیا اور نہ اس کی بندش میں آتے ہیں کیونکہ ہم نے دنیا کی آفتوں کو دیکھ لیا ہے اور اس کے حجابات سے باخبر ہوگئے ہیں ہم اس سے بھاگتے ہیں۔​
حکایت: ایک مرتبہ میں ان کے ہاتھوں پر پانی ڈال رہا تھا کیونکہ وہ وضو فرما رہے تھے میرے دل میں خیال گزرا کہ جبکہ تمام کام تقدیر و قسمت سے ہیں تو آزاد لوگ کیوں کرامت کی خواہش میں پیروی کے غلام بنتے ہیں۔ آپ نے فرمایا اے فرزند من! جو خیالات تمہارے دل میں گزر رہے ہیں میں نے ان کو جان لیا ہے تو تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہر حکم کے لیے کوئی سبب ہوتا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کسی سپاہی بچہ کو تاج و حکومت عطا فرماتا ہے تو وہ اسے توبہ کی توفیق دے کر اپنے کسی دوست ومحبوب کی خدمت میں مشغول فرماتا ہے تاکہ یہ خدمت اس کی درامت کا موجب بن جائے۔​
اس قسم کے لطیفے بکثرت مجھ پر ہر روز ان سے ظہور پذیر ہوتے تھے۔ جس دن کہ ان کا نتقال ہوا بیت الجن میں تھے یہ بانیاں رود اور دمشق کے مابین گھاٹی کے کنارے ایک گاؤں ہے ان کا سر مبارک میری گود میں تھا۔ اس وقت میرے دل میں اپنے کسی دوست کی طرف سے کچھ رنج تھا جیسا کہ آدمیوں کی عادت ہے۔ انہوں نے مجھ سے فرمایا اے فرزند! دل کو مضبوط کرنے والا ایک مسئلہ بتاتا ہوں اگر خود کو اس پر درست کرلو تو تمام رنج و فکر سے محفوظ ہو جاؤ گے فرمایا ہر محل اور ہر حالت خواہ نیک ہو یا بد اسے اللہ تعالیٰ نے ہی پیدا فرمایا ہے لہٰذا اس کے کسی فعل پر جھگڑنا نہیں چاہیے اور دل کو رنجیدہ نہ کرنا چاہیے اس کے سواء کوئی وصیت نہ فرمائی اور جان دے دی واللہ اعلم بالصواب۔​
کشف المحجوب، اردو ترجمہ(جو ترجمہ حضرت مفتی سید غلام معین الدین نعیمی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ) ،مطبوعہ لاہور،صفحہ نمبر 241 ،242​
آپ کی تصانیف​
آپ رحمۃ اللہ علیہ نے کئی ایک کتب تصنیف فرمائیں جن میں شاعری کا ایک دیوان بھی تھا لیکن دیگر لوگوں نے آپ کی ان علمی خدمات کو اپنے نام سے شائع کردیا۔ ان کتابوں کا ذکر آپ رحمۃ اللہ علیہ نے کشف المحجوب میں کیا ہے۔ ایک چھوٹا رسالہ کشف الاسرار جو آپ رحمۃ اللہ علیہ کے بقول کشف المحجوبکی تلخیص ہے وہ رسالہ اور کشف المحجوب ابھی تک دستیاب ہیں۔ آپ کی چندتصانیف کے نام یہ ہیں۔​
1. کشف المحجوب​
2. کشف الاسرار​
3. منہاج الدین​
4. الرعایۃ الحقوق اللہ تعالیٰ​
5. کتاب فناء وبقاء​
6. اسرار الحزق المؤنات​
7. بحر القلوب​
8. کتاب البیان لاہل العیان​
غریب نوازؒ نے آپ سے متاثر ہو کر ایک شعر کہا
گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا
ناقصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما

Sep 11, 2014

سخی اللہ کا دوست ہے (تحریر : خُرم شہزاد عظیمی، آسٹریا)


تحریر : خُرم شہزاد عظیمی، ویانا، آسٹریا

اﷲ کے محبوب بندے ،ہادی برحق،رحمت اللعالمین،اﷲکے دوست،محمد رسول اﷲ ﷺ  ارشادمبارک   ہے۔
سخی اﷲکا دوست ہے، جنت کے قریب ہے،لوگوں کے قریب ہے،جہنم سے دور ہے۔
بخیل اﷲدور ہے،جنت سے دور ہے، لوگوں سے دور ہے ،جہنم سے قریب ہے۔
سخاوت اﷲکا ایک وصف ہے۔اﷲکی ایک صفت ہے۔ایسی صفت جس پر کائنات قائم ہے۔باریک بین ،اور اﷲکے دوستوں کی طرزفکر کے رنگ میں دیکھا جائے ۔تو سخاوت کو خدمت کے علاوہ کوئی نا م نہیں دے سکتے۔یہی خدمت وسخاوت کا نُور ۔امر ۔ارادہ جب کسی بندے میں متحرک ہوتاہے۔تو وہ سونے کی ڈھیریوں۔چاندی کے سکوں۔اپنے من اور ذہن میں پائے جانے والے نُور۔علم۔جان ،مال و اولاد کے مقابلے میں  اﷲکی راہ میں سخاوت کرتا ہے۔اﷲ کے بندوں کی خدمت کرتا ہے۔
 جب اللہ کریم کی صفت سخی ہے تو یہ بھی ممکن نہیں کہ وہ کسی بخیل کو اپنا دوست بنائے آپ چاہیں سیرت اولیاءَاللہ کی ہزاروں کُتب پڑھ لیں اُن میں آپکو ایک بھی جاہل، شقیُ القلب، اور بخیل، نہیں مِلے گا اور جس میں یہ مذموم صفات ہونگی وہ اللہ کریم کا دوست ہر گز ہرگز نہیں ہوگا جِسے اللہ کریم اپنی دوستی کے لئے چُن لیتا ہے وہ عام نہیں رہتا خاص ہوجاتا ہے
سخاوت اور بُخل دو متضاد صفات ہیں۔
سخاوت کا تعلق ایسے خیالات و احساسات سے ہے جو براہ راست اﷲ سے وابستہ ہوتے ہیں۔
بخل میں ایسے خیالات و احساسات کام کرتے ہیں۔جن کا تعلق۔اور رُخ اعلیٰ کی بجائے مادی دنیا و  مادی شعور کی طرف ہوتا ہے
ہادی برحق محمد رسول اﷲﷺکے ارشاد مبارک ارشاد کی گئی دونوں صفات پر غور کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ
کہ ایک صفت میں ہم اپنے خالق، اپنے مالک، اپنے اﷲسے قریب ہوجاتے ہیں۔اﷲ سے قربت کا مطلب ہے۔بندے کے اندر خوشی،ہلکا پن،سرور،وجد ،احساس بندگی کا شعور متحرک ہوتا ہے۔۔۔
اور دوسری صفت یعنی بُخل اپنانے سے ہم اﷲسے دور ہوجاتے ہیں ۔اﷲسے دوری کا مطلب ہے کہ 
 شیطان کی قربت اور اسکی قربت اللہ سے دُوری ہے۔ 
حدیث پاک میں ہمیں دونوں صفات کے دو رخ ملتے ہیں ۔
ایک صفت کا رخ لامحدودیت ہے۔
دوسری صفت کا رخ محدودیت ہے۔
سخاوت وخدمت کی صفت چونکہ اﷲ کی صفت ہے۔اس لیئے یہ صفت لامحدود ہے۔اس صفت کی بندے کے من میں حرکت سے بندے کا اپنا کوئی مطمع نظر نہیں ہوتا۔صرف اﷲکی رضاہوتی ہے۔اور اس کی مخلوق کی خدمت ہوتی ہے
بخل کی صفت میں محدودیت ہوتی ہے۔
یعنی بندہ صرف اپنی ذات،اپنے گروہ،اپنے فرقہ تک سوچتاہے۔
چونکہ اس صفت کی حرکت محدود ہوتی ہے۔اور اﷲسے بھی اس کا تعلق نہیں ہوتا ۔اﷲ محدودیت کو ناپسندکرتے ہیں۔ اس لیئے اس صفت کی حرکت ادبار بن جاتی ہے۔محدودیت کی وجہ سے مفادات آڑ ے آتے ہیں ۔اور یہیں سے لڑائی جھگڑوں کی ابتدا ہوتی ہے۔جو آگے بڑھ کر جہنم بن جاتی ہے۔
پیغمبرانہ طرز فکر سے دیکھا جائے توہمیں اس مبارک ارشاد سے پتہ چلتا ہے کہ
لامحدودیت میں داخل ہونے کے لیئے محدودیت کی نفی کر دی جائے۔
یعنی بندہ میں کلمہ کا پہلا حرف لا حرکت میں آجائے۔بخل یعنی محدودیت خواہ علم کی ہو ،خواہ روپے پیسہ کی ہو،خواہ فرقہ بندی کی ہو۔خواہ معاشرتی اونچ نیچ کی ہو۔غرض ہر طرح کے بخل کی نفی کردی جائے۔
سخاوت یعنی خدمت اﷲ کا شعار ہے۔جس کو تمام انبیا کرامؑ ،اولیا اﷲؒ نے اپنایا۔
حضرت علی کرم اﷲوجہہؓ   کا بڑا مشہور واقعہ ہے کہ
ایک دن آپ شام کو روزہ افطار کرنے لگے۔سائل آگیا، آپ نے روٹی سائل کو دے دی۔دوسرے دن پھر سائل آگیا،تیسرے دن پھر سائل آگیا۔آپ تین دن مسلسل شام کا کھانا اسے دیتے رہے۔
یہ کیا تھا۔۔۔یہ سخاوت و خدمت تھی ۔۔۔۔اﷲکے محبوب بندے کی اس کی مخلوق کے لیئے۔۔۔
یعنی اہل بیت کے محترم اور سعید گھرانے نے مسلسل تین محدود شعور کی نفی کی اور لامحدودیت یعنی روحانی شعور سے رابطہ استوار رکھا۔
کسی کے گھر بکری کی سری آگئی۔اس گھرانے نے سخاوت و خدمت کردی ۔دوسرے گھر کی۔دوسرے سے تیسرے ۔۔غرض سات گھروں کا چکر کاٹ کر بکری کی سری پھر پہلے گھر آگئی۔۔۔۔
سب باتوں سے پتہ چلتا ہے کہ صرف مال کا خرچ ہی سخاوت نہیں
سخاوت یہ ہےبندے میں کلمہ کا پہلا حرف ۔۔۔لا ۔۔۔متحرک ہو۔۔۔
کیوں۔۔۔۔ اس لیئے کہ اﷲکے ان بندوں میں ۔۔۔۔لا۔۔۔۔کا علم متحرک تھا۔۔سب نے  ایک دوسرے کے لیئے نفی کردی۔۔۔۔ 

جب حاتم طا ئی کی بیٹی قیدیوں میں حضورﷺ کے سامنے پیش کی گئی تو آپﷺ نے فرمایا کہ اِ س کے سَر پر چادَر دو ،یہ سخی کی بیٹی ہے ۔نبی کریم ﷺ نے فرمایاکہ سخی بندہ اللہ کا دوست ہے اگرچہ وہ گنہگار ہے۔ شیطان سے پوچھا گیا کہ تمہارا سب سے بڑا دشمن کون ہے اس نے کہا کہ سخی گنہگار اور اس سے پوچھا گیا کہ تمہارا سب سے بڑا دوست کون ہے تو اُس نے کہا کہ کنجوس عبا دت گزار۔

اﷲکے دوست میاں محمد بخشؒ  فرماتے ہیں کہ
مالا ں والے سخی نہیں ہوندے تے سخیاں مال نہیں ہوندا
اس اوس دوو ے جہانی سخی کنگال نہیں ہوندا
آپ کیا سمجھے کہ میاں صاحبؒ نے یہ شعر ایسے ہی لکھ دیا ہوگا۔۔نہیں ۔ اللہ کے دوست کی بات میں اللہ کا رنگ نُمایاں ہوتا ہے۔ ۔۔۔بلا شک و شبہ وہ گہری لا شعوری کیفیات سے گزرے ہوں گے۔۔۔یعنی؂
جن کے پاس مال سونے چاندی کی ڈھیریاں ہیں وہ اصل سخی نہیں۔۔کیونکہ اصل سخی میں ۔۔لا۔متحرک ہوتا ہے۔۔۔اس لیئے اس کے پاس اتنا تو مال بھی نہیں ہوتا۔۔۔مگر جب مخلوق ایسے سخی کے پاس جاتی ہے۔جس میں لا ۔۔متحرک ہے۔۔۔چونکہ ۔۔ لا ۔۔ متحرک ہونے کی وجہ سے اس کی اپنی ذات کی نفی ہو چکی ہوتی ہے۔۔اس لیئے اس کا رشتے لا محدودیت یعنی اﷲ سے قائم ہوتا ہے۔۔اور ایسے اﷲ کے دوست سخی بندے میں جنت کا شعور متحرک ہوتا ہے۔۔۔اس لیئے ایسے سعید اور محترم بندوں کی دعا ،توجہ ،نظر کرم ۔ہی سخاوت ہوتی ہے۔۔۔جو مشکلات کو کاٹ کر رکھ دیتی ہے۔۔بھٹکے ہوؤں کو راہ مل جاتی ہے۔بے قراروں کو قرار آجاتا ہے۔
ایسے ہی سعید اور محترم بندوں اور اﷲکے دوستوں کی سخاوت نسل در نسل چلتی ہے۔اور آنے والی نسلیں ،رسول اﷲﷺکے ان غلاموں،اﷲکے دوستوں کی اتباع کرتے ہوئے اپنی راہ تلاش کرتی ہیں ۔۔
چونکہ ایسے محترم بندوں میں جنت کا شعور متحرک ہوتا ہے۔۔اس لیئے مخلوق کے اس دنیا سے جانے کے بعد بھی مخلوق کے لیئے ان کی سخاوت و خدمت یعنی شفاعت جاری رہتی ہے۔۔۔کیوں جاری رہتی ہے اس لیئے کہ انہوں نے اﷲکی عادت ۔اﷲکے شعار ۔۔یعنی مخلوق کی خدمت کو اپنا لیا۔۔۔۔
حضورنبی کریم ﷺ کے روحانی علوم کے وارث،موجودہ دور کے لیئے مینارہ نور،ابدال حق ،حامل علم لدنی،نظام تکوین میں صدر الصدور ،سید محمد عظیم المعروف قلندر بابا اولیاؒ اﷲسے محبت اور دوستی کا فارمولہ ارشاد فرماتے ہیں کہ
۔۔اﷲسے دوستی کا شارت کٹ راستہ اﷲکی مخلوق کی خدمت ہے۔۔
سخی اﷲ۔کے سخی رسول ﷺ کے سخی گھرانہ کے چشم و چراغ حضور قلندر بابا اولیاؒء بھی ہیں ۔۔جن کی سخاوت اتنی عام ہے کہ آپ نے اﷲکے محبوب ﷺکے حکم سے صدیوں سے سر بستہ روحانی علوم اﷲکے بندوں کے لیئے عام کردئیے ہیں ۔تاکہ اﷲکے بندوں میں اﷲ کی صفت خدمت و سخاوت رچ بس جائے اور معاشرہ جنت نظیر بن جائے۔۔۔۔۔سیرت طیبہ، صوفیا کرام اور سلسلہ  عظیمیہ کی کتابوں کا خود بھی مطالعہ کیجئے۔۔دوست احباب کو بھی متعارف کرائیے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اﷲکی مخلوق کی خدمت کیجئے اور اﷲ کے قریب ہوجایئے۔۔۔
نبی ﷺ کا ارشاد مبارک ہے ۔۔۔۔
۔۔۔مخلوق اﷲکا کنبہ ہے۔۔اﷲکے قریب وہ ہے جو اﷲکی مخلوق کو زیادہ نفع دے