Sep 19, 2015

نمازِ پنجگانہ، مراقبہ اور مرتبہ احسان


 روحانیت شاگرد کے اندر ایسی حالت پیدا کر دیتی ہے جس میں وہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنا تعلق اس حد تک محسوس کر لیتا ہے کہ اسے اللہ دیکھ رہا ہے۔ صلوٰۃ کا پروگرام اس بات کی تکرار ہے کہ بندے کا تعلق ہر وقت اور ہر لمحہ اللہ سے قائم ہے اور اللہ تعالیٰ ہر آن اس کے ساتھ موجود ہے۔ جب انسان صلوٰۃ کے اندر اس بات کی مشق مکمل کر لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ کے حضور حاضری کا ادراک مشاہدہ بن جاتا ہے۔ اس مقام کو رسول اللہ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے مرتبہ احسان کا نام دیا ہے۔
نماز فجر
* نماز فجر سے تقریباً بیس منٹ پہلے تمام ضروریات سے فارغ ہو کر مصلے پر اس طرح بیٹھ جائیں جیسے التحیات پڑھتے وقت
بیٹھتے ہیں۔
* آنکھیں بند کر کے تصور کریں کہ آپ اللہ کے حضور حاضر ہیں اور اللہ آپ کے سامنے موجود ہے۔
* پانچ سے دس منٹ تک یہ تصور کرنے کے بعد نماز فجر قائم کریں۔ دوران نماز اللہ کو اپنے سامنے موجود دیکھنے کا تصور قائم رکھیں۔ نماز اس تصور میں ادا کریں کہ اللہ آپ کے سامنے موجود ہے اور آپ نماز کے تمام ارکان بارگاہ ایزدی میں انجام دے رہے ہیں۔ اس طرح ذہن اللہ تعالیٰ کی طرف ہو گا اور جسم نماز کے ارکان ادا کر رہا ہو گا۔ نماز میں آیات کی تلاوت کے وقت یہ تصور کریں کہ آپ اللہ سے مخاطب ہیں۔
سلام پھیرنے کے بعد التحیات کی نشست میں بیٹھے بیٹھے چند منٹ تک اللہ کی موجودگی کا تصور جاری رکھیں۔
اگر آپ کو اللہ کو دیکھنے کا تصور قائم کرنے میں دشواری محسوس ہو تو یہ تصور کریں کہ آپ اللہ کے حضور موجود ہیں اور اللہ آپ کی تمام حرکات و سکنات ملاحظہ فرما رہے ہیں۔ دونوں میں سے کوئی ایک تصور قائم کیا جا سکتا ہے۔ اگر ابتداء میں تصور قائم نہ ہو سکے تو فکر مند نہ ہوں۔ متواتر اسی طریقے پر عمل پیرا رہیں۔ انشاء اللہ جلد تصور قائم ہو گا اور نماز میں اللہ کی قربت کا حقیقی لطف حاصل ہو گا۔
نمازِ ظہر اور نمازِ عصر
نماز ظہر اور عصر میں نماز سے پہلے چند منٹوں کے لئے اللہ حاضری اللہ ناظری کا ورد کریں اور اللہ کی موجودگی کا تصور کریں۔ پھر ساری رکعتیں اسی تصور کے ساتھ ادا کریں۔
نمازِ مغرب
مغرب کی نماز میں وقت کی کمی کے باعث نماز سے پہلے استغراق کی مشق اور تصور نہ کریں بلکہ ساری رکعتیں اس تصور میں ادا کریں کہ میں اللہ کے سامنے ہوں۔
نمازِ عشاء
نماز عشاء سے پہلے التحیات کی نشست میں بیٹھ کر اللہ کی موجودگی کا تصور پانچ منٹ تک کرنے کے بعد فرض نماز اسی تصور میں قائم کریں۔
رات کو سونے سے پہلے کسی بھی آرام دہ نشست میں بیٹھ کر اللہ کو دیکھنے کا تصور یا یہ تصور کہ اللہ آپ کو دیکھ رہا ہے، دس منٹ تک قائم رکھیں اور پھر سو جائیں۔
اگر نماز میں دل نہ لگے یا نمازیں بار بار قضا ہوتی ہیں تو چالیس روز نماز فجر کی نماز با جماعت ادا کریں۔ انشاء اللہ کوئی نماز قضا نہیں ہو گی۔



No comments:

Post a Comment